سری لنکا کے ساتھ تو شاہینوں کا میچ بارش کی نظر ہوگیا مگر اب 12 جون کو آسٹریلیا کے ساتھ میچ میں موسم کیسا رہنے والا ہے ؟

برسٹل (ویب ڈیسک) گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف پاکستان کا ورلڈ کپ میں میچ بارش اور موسم کی خرابی کی وجہ سے نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا لیکن پاکستان کے اگلے یعنی بارہ جون کو آسٹریلیا کیخلاف ہونیوالے میچ میں بھی موسم کی خرابی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔

روزنامہ جنگ کے مطابق ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بارش نے پاکستان اور سری لنکا میچ کا مزہ خراب کردیا، اور اب ٹورنامنٹ میں اگلے ایک ہفتے کے لئے بھی بارش کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اگلا میچ ٹائونٹن میں بارہ جون کو کھیلنا ہے۔ٹائونٹن بھی بارش کی زد میں ہے اور میچ کے دوران بھی بارش کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل یہ خبر تھی کہ انگلینڈ میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان اہم میچ برسٹل کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کے باعث میچ ٹاس کے بغیر ہی بے نتیجہ ختم ہو گیا۔برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ میں بارش تھم جانے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے گراؤنڈز کے کچھ حصے سے کورز ہٹائے گئے اور امپائرز کی جانب سے گراؤنڈ کا جائزہ بھی لیا گیا تاہم آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے اور بوندا بادی کے باعث امپائرز نے میچ کو منسوخ کر دیا،میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے کم از کم 20 اوورز کا کھیل ہونا ضروری تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔سری لنکا سے میچ منسوخ ہونے کے بعد پاکستان کے ورلڈ کپ اب تک تین میچز میں تین پوائنٹس ہو گئے جب کہ پاکستان کا اگلا میچ آسٹریلیا سے 12 جون کو ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں