’’آئینہ ان کو دکھایا تو بُرا مان گئے‘‘۔۔۔ ہربھجن اور یوراج نے آفریدی سے دوستی توڑ دی

ممبئی (ہاٹ لائن نیوز) پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی جانب سے بھارت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو آئینہ دکھانے پر ہربھجن سنگھ اور یوراج سنگھ بْرا مان گئے۔ ہربھجن نے کہا کہ ہمارے ملک اور وزیرا عظم کا مذاق اڑانے والے آفریدی اب میرے دوست نہیں رہے،
میں اور یوراج سنگھ انسانیت کے ناطے ان کی فاؤنڈیشن کو سپورٹ کررہے تھے، وہ بجائے اس کے کہ ہمارا شکریہ ادا کرتے الٹا پشت پر وار کرنا شروع کردیا، میں اب انہیں کبھی سپورٹ نہیں کروں گا اور نہ ہی ان کیلیے کوئی ویڈیو یا سوشل میڈیا پوسٹ کروں گا۔ دوسری جانب یوراج سنگھ نے کہاکہ مجھے آفریدی کے اپنے وزیراعظم کے بارے میں کمنٹس پر مایوسی ہوئی، میں نے انکے کہنے پر انسانیت کے ناطے چیریٹی اپیل کی تھی مگر اب ایسا نہیں کروں گا۔ ہربھجن سنگھ کا اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کی آئندہ حمایت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ” شاہد آفریدی اب میرے مزید دوست نہیں رہے، کیوں کہ انہوں نے میرے ملک اور وزیراعظم کا مذاق اڑایا ہے”۔ اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ ” یوراج اور میں نے انسانیت کی بنیاد پر اس کی حمایت کی اور اس کا شکر گزار ہونے کی بجائے اس نے ہمیں پیچھے ہٹا دیا۔ میں اب کبھی بھی ان کی حمایت نہیں کروں گا اور نہ ہی اب ان کے لیے کوئی ویڈیو پوسٹ کروں گا”۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ اور یوراج سنگھ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی کی بنائی ہوئی آفریدی فاؤنڈیشن کی حمایت میں اپنا اپنا ویڈیو پیغام شیئر کیا تھا، تاہم دونوں سابق کرکٹرز کو ان کے ہم وطنوں کی جانب سے شاہد آفریدی کی حمایت کرنے پر سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر دونوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وضاحتی بیان بھی دیے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں