پی ایس ایل کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

Spread the love

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹی ایڈیشن کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ ایک پلیئر اور ایک آفیشل کو بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر آئیسو لیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل میں پہلی گیند پھینکے جانے سے چند گھنٹے قبل ایک پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ایک پلیئر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس پلیئر کو ابتدا میں علامات ظاہر ہونے کے بعد آئیسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا، کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد متعلقہ کھلاڑی کو مزید 10 روز آئسولیشن میں رہنا ہو گا اور اسکواڈ واپس جوائن کرنے سے قبل دو نیگیٹیو ٹیسٹ لازمی ہوں گے۔

پی سی بی کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک اور ٹیم کے ایک پلیئر اور ایک آفیشل کو بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر تین روز کے لیے آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان افراد نے بائیو سیکیور ببل سے باہر تیسرے فرد سے ملاقات کی تھی، ان دونوں کو بھی اسکواڈ واپس جوائن کرنے سے قبل دو نیگیٹیو ٹیسٹ رزلٹ لانا ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ کھلاڑی اور آفیشل نے پریکٹس سیشن کے دوران ٹیم مالک سے ملاقات کرلی تھی اور ٹیم مالک بائیو سیکیور ببل کا حصہ نہیں تھے۔