گھر رہیں۔۔ محفوظ رہیں ۔۔!! کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرات، عثمان بُزدار نے اچانک پنجاب بھر میں کیا کام کر دیا؟ جانیئے

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) بزدار حکومت نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے موبائل آگاہی مہم کا آغاز کر دیا،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ”گھر رہیں، محفوظ رہیں“آگاہی مہم کا افتتاح کیا،خصوصی مہم کے تحت موٹر سائیکلوں اور رکشاؤں کے ذریعے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا، اس سلسلے میں لاہور میں 250 موٹرسائیکلوں اور 50 رکشاؤں کے ذریعے گلی، محلوں میں آگاہی مہم شروع۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بُزدار کا کہنا ہے لاہور کی ہر یونین کونسل میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں شہریوں کو آگاہی دی جائے گی،لاہور میں مجموعی طور پر 850 موٹرسائیکلوں اور 500 رکشاؤں کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا پنجاب بھر میں 4130 موٹرسائیکلوں کے ذریعے کورونا وائرس سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی مہم چلائی جائے گی،موبائل آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں میں احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کئے جائیں گے

عثمان بُزدار کا کہنا تھا کہ آج پاکستان ہم سے اپنے گھروں میں رہنے کا تقاضا کرتا ہے ،کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے عوام کو حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنا چاہیے،پاکستانی ایک ذمہ دار قوم ہے اور موجودہ حالات میں شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلے برقرار رکھنا ضروری ہے،آج کے فاصلے شہریوں کو مستقل فاصلوں سے محفوظ بنا سکتے ہیں ،حکومت نے شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا ہے ،کورونا وائرس ایک بڑا چیلنج ہے اور اسے مل کر ہی شکست دیں گے۔

آگاہی مہم کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں