بریکنگ نیوز: امریکہ سے لوٹنے والی اداکارہ ’’ میرا ‘‘کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ آگئی

لاہور (ہاٹ لائن نیوز) پاکستانی فلموں کی مشہور اداکارہ میرا کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ نیگیٹو آگیا ہے۔ اداکارہ میرا منگل کی رات امریکا سے لاہور پہنچی تھیں جس کے بعد انہوں نے ایک نجی ہوٹل میں خود کو قرنطینہ کر لیا تھا، اداکارہ میرا کا گزشتہ روز نجی ہوٹل میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
اداکارہ میرا کی جانب سے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نیویارک میں پھنسی پاکستانی فلموں کی مشہور اداکارہ میرا نے ہاتھ جوڑ کر وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کی تھی ۔ اداکارہ میرا نے کہا تھا کہ میں بیرون ملک میں اس طرح کے حالات میں نہیں بلکہ پاکستان آ کر اپنے ملک میں مرنا چاہتی ہوں۔ میرا کا کہنا تھا کہ یہاں روزانہ ہزاروں لوگ مر رہے ہیں، جبکہ نیویارک قبرستان میں تبدیل ہورہا ہے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ میرا کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی عملے اور اِس جنگ میں اپنی جان کی بازی ہارنے والے ڈاکٹرز اور دیگر ہیلتھ ورکرز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں اداکارہ میرا نے کورونا کی جنگ کے خلاف لڑنے والے تمام طبی عملے کی ہمت اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’عالمی وبا کا خاتمہ کرنے کے لیے ہمارے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف بغیر کسی سہولیات کے قابلِ تعریف کام کر رہے ہیں۔‘ ویڈیو پیغام میں میرا نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر قوم کی حفاظت کرنے والے کورونا کے فرنٹ لائن ہیروز کو سلام پیش کیا۔ اداکارہ نے کہا کہ ’آج اگر ہمارا طبی عملہ بہادری اور ہمت سے کام نہ کرتا تو شاید ہمارے لیے اِس عالمی وبا سے محفوظ رہنا مشکل ہوتا۔‘ آخر میں میرا نے کورونا سے جاں بحق ہونے والے طبی عملے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑتے ہوئےجو ہمارے ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز اِس دُنیا سے رُخصت ہوگئے ہیں میں اُن کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں۔‘ یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 29 ہزار 465 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 641 ہو گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں