بریکنگ نیوز: وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ ارکان اور بیورو کریٹس کی عسکری قیادت سے براہ راست ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی

اسلام آباد (ہاٹ لائن نیوز) نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے ارکان اور بیورو کریٹس کے عسکری قیادت کے ساتھ براہ راست رابطوں پر پانبدی عائد کردی ہے۔نجی ٹی وی جی این این نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزرا اور بیورو کریٹس کی جانب سے عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتوں اور بریفنگز کی رپورٹ کا وزیر اعظم نے نوٹس لے لیا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ وزرا اور بیوکریٹس کی جی ایچ کیو، نیول ہیڈ کوارٹر اور ایئر فورس ہیڈ کوارٹر سمیت اہم اداروں کے افسران سے براہ راست رابطے اورملاقات1973 کے رولز آف بزنس کے سیکشن 8 اور 56کے منافی ہے۔وزیر اعظم کے حکم پر کابینہ ارکان اور بیورو کریٹس کی عسکری قیادت سے براہ راست ملاقاتوں پر پابندی کے حوالے سے کابینہ ڈویژن نے احکامات ارسال کردیے ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جی ایچ کیو، نیوی اور ایئر فورس کے اعلیٰ افسران سے ملاقات،خط و کتابت اور بریفنگ کے لیے وزارت دفاع سے رجوع کیا جائے،وزیراعظم کی اجازت کے بعد وزارت دفاع متعلقہ وزارت کو مطلوبہ ہدایات جاری کرے گی۔وفاقی وزیر دفاع اور سکریٹری دفاع ملاقاتوں، خط و کتابت اور بریفنگ سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو پیشگی آگاہ کریں گے۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبرکے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب سینیٹر کامل علی آغا سے خضر حیات گوپانگ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، وفد میں محمد نواب گوپانگ، کاشف حیات گوپانگ اور خلیل خان جتوئی بھی موجود تھے۔ چوہدری پرویزالٰہی نے بلدیاتی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے مظفر گڑھ تحصیل علی پور کیلئے خضر حیات گوپانگ کو امیدوار تحصیل ناظم نامزد کر دیا۔چوہدری پرویزالٰہی نے پوری تحصیل میں سیاسی رابطے بڑھانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی کا سربراہ ملک اور فوج کیخلاف عزائم رکھتا ہو وہ ملک کا خیر خواہ کیسے ہو سکتا ہے، بلدیاتی انتخابات میں ہمارا مقابلہ دس سال تک عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے ہے، پاکستان مسلم لیگ پنجاب بھر سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی ،اسی سلسلے میں عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والی سیاسی شخصیات کو نامزد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام عوامی خدمت کا سب سے زیادہ موثر نظام ہے جس میں عوام کے بنیادی مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کر دیئے جاتے ہیں۔ خضر حیات گوپانگ نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹائون کمیٹی خیرپور، سادات ٹائون کمیٹی، ہیت پور، ٹائون کمیٹی گھلواں اور میونسپل کمیٹی علی پور سٹی میں ہماری تیاری مکمل ہے اور چوہدری برادران سے محبت کرنے والے دن رات عوامی خدمت کے جذبے کو پروان چڑھانے کیلئے مصروف عمل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں