عمران اینڈ کمپنی کا اصل طریقہ واردات کیا ہے ؟ لندن میں بیٹھے میاں نواز شریف کا ایک اور سنگین الزام

لاہور(ہاٹ لائن نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے 35 سالہ سیاسی کریئر میں اس سے زیادہ بدعنوان حکومت نہیں دیکھی، ان کا طریقہ واردات یہ ہے کہ جھوٹ اتنا بولو کہ لوگ اس کو سچ سمجھنا شروع ہوجائیں ، اس آڑ میں انہوں نے خودبدعنوانی کا بازار گرم کر رکھا ہے، آج ہم کشمیر پر آواز اٹھانے کے قابل نہیں ، الٹا ہم نے اپنے ہی وزیر اعظم آزاد کشمیر پر غداری کا مقدمہ درج کرادیا۔ آج انہیں ڈھائی سال بھگتنے کے بعد لوگوں کو احساس ہوگیا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کس کو کہتے ہیں۔ پاک فوج کے قربانیاں دینے والے جوان ہمارے ہیرو ہیں، نواز شریف اور پوری قوم ان کی ممنون ہے اور انہیں سلام پیش کرتی ہے۔پی ڈی ایم جلسے سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ سونا مہنگا ہوگیا ہے، روپے کی قیمت گرگئی ہے اور جب بھی روپے کی قیمت گرتی ہے تو اس سے غربت بڑھتی ہے، 20 ہزار روپے آمدنی والے کا کیسا گزارہ ہوتا ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا کہنے والوں نے ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو بیروزگار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ 50 لاکھ گھر دیں گے، کیا کسی کو ایک بھی گھر ملا ہے؟ آج کاشتکاروں کا کیا حال ہے؟ سنا ہے کھادیں بہت مہنگی ہوگئی ہیں، بجلی مہنگی ہوگئی ہے، روز سنتے ہیں کہ آج بجلی اتنی مہنگی ہوگئی، کاروبار چل بھی رہے ہیں یا بند ہوگئے ہیں، سنا ہے کہ کاروباری حالات بہت خراب ہیں۔ نواز شریف آپ کے ایک ایک دکھ اور تکلیف سے واقف ہے، اسے آپ کے ہر آنسو کا احساس ہے، نواز شریف کا دل دکھتا ہے جب وہ دیکھتا ہے کہ غریب آدمی ان مصیبتوں کا شکار ہے، میرا دل

روتا ہے جب بجلی کا بل آپ پر بجلی بن کر گرتا ہے۔ 71 سالوں میں آٹا 35 روپے تک پہنچا اور پچھلے 2 سالوں میں یہ 35 سے 75 روپے کلو ہوگیا ہے۔ نہ جانے کس منہ کے ساتھ یہ میڈیا پر آتے ہیں، بے شرمی کے ساتھ ادھر ادھر کی کہانیاں سنا کر چلے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ساری تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟ اس پر عمران نیازی کا گریبان پکڑیں یا اس کو لانے والوں کو پکڑیں؟ اصل قصور وار کون ہے؟ ووٹ کس نے چوری کیا ؟ انتخابات میں کس نے دھاندلی کی؟ پولنگ ایجنٹوں کو کس نے نکال باہر کیا؟ جو ووٹ عوام نے ڈالا وہ کسی اور کے ڈبے میں کیسے پہنچ گیا؟ رات کے اندھیرے میں آر ٹی ایس کس نے بند کیا؟ الیکشن کے نتائج کیوں روکے رکھے گئے؟ اس کا جواب چاہیے۔ ہاری ہوئی پی ٹی آئی کو کس نے جتوایا؟ ووٹ ایک مقدس امانت ہے ، اس امانت میں کس نے خیانت کی، اس کا پتہ لگنا چاہیے، یہ ہمارا سوال ہے اور ہم اس کا جواب لے کر چھوڑیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نا اہل اور نالائق عمران نیازی کو کس نے وزیر اعظم بنایا؟ انگلی کس کی طرف اٹھتی ہے؟ آج کھڑے ہونا ہوگا، جس نے پاکستان کے ساتھ یہ ظلم کیا ہے اس کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑا ہونا ہوگا، اس کا آغاز گوجرانوالہ کے عوام آج کریں گے اور یہ لہر پورے پاکستان میں پھیلے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں