نواز شریف کی والدہ کی میت جمعرات کو لندن سے لاہور روانہ کیے جانے کا امکان

مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت جمعرات کو لندن سے لاہور روانہ کیے جانے کا امکان ہے۔

اسحاق ڈار کاکہنا تھا کہ ضروری کاغذات کل تک تیار ہونے کا امکان ہے اور صورتحال منگل تک واضح ہو جائے گی۔

دوسری جانب مرحومہ کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم شمیم اختر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ آج یا کل تک ملنے کا امکان ہے۔

بیگم شمیم اختر کی میت گزشتہ روز ریجنٹ پارک مسجد کے سرد خانے میں منتقل کردی گئی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئی تھیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اخترکے سینے میں شدید انفیکشن ہوگیا تھا، انھیں الزائمر کی بیماری بھی لاحق تھی۔

سابق وزیراعظم ان دنوں لندن میں علاج کیلئے مقیم ہیں جبکہ شہباز شریف جیل میں قید ہیں اور ان کی پیرول پر رہائی کیلئے درخواست دے دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں