ڈاکوؤں نے ایم کیو ایم کے رہنما شبیر قائم خانی کا گھر لوٹ لیا

گھر میں آئے مہمانوں کو بھی لوٹا گیا، اس سے قبل گاڑی چوری ہو چکی، شبیر قائم خانی ۔

کراچی: (ہاٹ لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماشبیر قائم خانی کے گھر سے 6 ڈاکو نقدی، زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے، ڈاکوؤں نے نقاب سے چہرے چھپائے ہوئے تھے، درخشاں پولیس نے گھر کے مالی کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 7 میں واقع خیابان سعدی مکان نمبر 107 میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما شبیر قائم خانی کے گھر پر ڈکیتی کی واردات ہو گئی،6 ڈاکوگھر میں دروازے سے داخل ہوئے اور شبیر قائم خانی کے بیٹے کو اسلحے کے زور پراوپر کمرے میں لے گئے ،الماری اور درازوں سے نقدی اور طلائی زیورات لے کر 20 منٹ میں گھر سے فرار ہو گئے، ایس ایس پی جنوبی جاوید اکبر ریاض نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن فاروق اعوان کے ہمراہ شبیر قائم خانی کے گھر اور جائے واردات کا جائزہ لیا، میڈیا سے بات کرتے ہوئے جاوید اکبر ریاض نے بتایا کہ 5سے 10 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے، ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کر لیںگے، واردات کرنے کے لیے ڈاکو کار میں آئے یا موٹر سائیکل میں اس بات کا فوری معلوم نہیں ہو سکا۔تاحال اہلخانہ کو شبہ ہے کہ گھر کا مالی آج دن میں آیا تھا جس کے باعث پولیس نے اسے حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا، شبیر قائم خانی نے گھر میں میڈیا سے گفتگو کی اور بتایا کہ اس سے قبل میری گاڑی چوری ہو چکی ہے اور پھر ڈکیتی ہوگئی، گھر میں مہمان اندرون سندھ سے آئے ہوئے تھے جب مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے تو خواتین سے زیورات اتارنے کے لیے کہا اس دوران میرے سر پر بندوق رکھی ہوئی تھی،پولیس نے واردات اورکرائم سین سے فنگر پرنٹس حاصل کر لیے ہیں جسے فرانزک کے لیے بھیجا جائے گا جبکہ علاقے کی جیوفینسنگ بھی کرائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں