خیرپور: کوئلے سے بھرا ٹرک مسافر وین پر الٹ گیا، 20 افراد جاں بحق

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرزجائے وقوع پر پہنچی اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا—۔

خیرپور:(ہاٹ لائن) صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں شاہ حسین بائی پاس پر کوئلے سے بھرا ٹرک، مسافر وین پر الٹنے کے نتیجے میں20افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
اے ایس پی رائے مظہر اقبال کے مطابق کراچی سے پنجاب جانے والا کوئلے سے بھرا ٹرک، شاہ حسین بائی پاس پر رانی پور سے سکھر جانے والی ایک مسافر وین پر الٹ گیا۔
حادثے میں20 افراد جاں بحق اور2 زخمی ہوئے، جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام جعفر سومرو کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرزجائے وقوع پر پہنچی اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا۔
دوسری جانب حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
پاکستان میں ہر سال ٹریفک حادثات کے نتیجے میں سیکڑوں افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، جن کی وجوہات میں خراب سڑکیں، ٹوٹی پھوٹی گاڑیاں، تیز رفتاری اور ڈرائیونگ کے قوانین سے لاعلمی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں