ٹھٹھہ میں زائرین کی کشتی الٹ گئی، 5 افراد جاں بحق اور کئی لاپتا

ٹھٹھہ: موھارا کے قریب سمندر میں زائرین کی کشتی الٹ گئی جس میں ابتدائی طور پر 5 افراد کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

ہاٹ لائن نیوز کے مطابق ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے موھارا میں زائرین کی بڑی تعداد میلے میں شرکت کے لیے جارہی تھی جس کے لیے وہ کشتی میں سوار ہوئے تاہم عدم توازن اور تیز ہواؤں کے باعث کشتی الٹ گئی جس سے 50 زائرین پانی میں ڈوب گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق زائرین جس کشتی میں سوار ہوئے اس میں تقریباً 200 افراد کی گنجائش ہے لیکن کنارے پر تیز ہوا اور مسافروں کی جلدبازی کے باعث کشتی توازن برقرار نہ رکھ سکی۔

حادثے کے بعد کئی افراد کنارے پر ہی پانی میں ڈوبے اور پولیس نے حادثے میں 5 افراد کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین، 2 بچے اور ایک مرد شامل ہیں جن کی لاشوں کو شیخ زید اسپتال ساکرو منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ ریسکیو اہلکار دیگر ڈوبنے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں