عمران خان کیخلاف ہیلی کاپٹر کیس کیوں اور کیسے بند ہوا ؟ انکشافات پر مبنی خاص خبر

پشاور(ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر کیس بند کرنے پر پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کی سابقہ حکومت میں خیبر پختونخوا حکومت کے دو ہیلی کاپٹروں پر 18000 کلومیٹر کا سفر 74 گھنٹوں میں

کیا جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔ نیب کے ترجمان اور سرکاری ذرائع خبرکی تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کررہے ہیں اس دوران نیب کے ترجمان نے ایک بار پھر اس نمائندے کو انتظار کرنے کا پیغا م بھجوایا ہے حالانکہ انھوں نے بدھ کے روز جمعرات کی صبح سرکاری موقف دینے کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم جمعرات کی رات تک نیب کاسرکاری موقف نہ مل سکا تاہم نیب ہیڈ کوارٹر کے باوثوق ذرائع ایک مرتبہ پھر دعویٰ کررہے ہیں کہ عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر سیکنڈل کیس کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ اس نمائندے نے بدھ کے روز نیب کے مرکزی ترجمان کو متعدد بار پیغامات بھجوائے ٹیلی فون کئے تاہم انہوں نے کال سننے سےگریز کیا لیکن پیغامات کا جواب بھجوایا کہ دفتر بند ہو چکاہے لہٰذا جمعرات کی صبح وہ سرکاری موقف دے سکیں گے لیکن جمعرات کی رات تک نیب کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔ بدھ کے روز ترجمان نے وٹس ایپ کے ذریعے بتایا کہ اس نمائندے نے دفتر بند ہونے کے بعد موقف مانگا ہے لہٰذا وہ اس وقت کوئی بھی موقف دینے سے قاصر ہیں لہٰذا جمعرات کی صبح تک انتظار کیا جائے کیونکہ قانون کے تحت متعلقہ ڈویژن سے موقف ملنے کے بعد ہی اسے فراہم کیا جا سکتا ہے اور یہ ایک بنیادی حق بھی ہے۔ ترجمان کے مطابق جمعرات کی صبح کیس کے حوالے سے سرکاری موقف فراہم کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں