باسط علی کو ویمن کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کرنیکا فیصلہ

لاہور (ہاٹ لائن) سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کو قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سونپنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے محتشم رشید کو قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور ان کی جگہ قومی جونئر سلیکشن کمیشن کے سربراہ سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کو یہ ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کھیلنے کیلئے قومی ویمن کرکٹ ٹیم دو نومبر کو روانہ ہو رہی ہے اس ٹیم کے ہمراہ کوچ کے طور پر محتشم رشید کی جگہ باسط علی جائیں گے اس حوالے سے ویمن ونگ نے اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور صرف پی سی بی چیئر مین کی منظوری کا انتظار ہے۔ چیئر مین پی سی بی شہریار خان کی منظوری کے بعد باسط علی کو ویمن ٹیم کا کوچ مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جا ئے گا۔