مانسہرہ سے داعش کا دہشتگرد گرفتار

راولپنڈی (ہاٹ لائن) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے راولپنڈی میں کامیاب آپریشن کے دوران داعش کا دہشت گرد گرفتار کرلیا، سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گرد کا تعلق مانسہرہ سے ہے۔ کوئٹہ سانحہ کے بعد ملک بھر میں کالعدم تنظیموں اور کومبنگ آپریشن میں مزید تیزی آگئی ہے، راولپنڈی میں سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم داعش کا دہشت گرد گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد کا نام شیرا فضل ہے، دہشت گرد کے قبضے سے بڑی تعداد میں بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق دہشت گرد شہر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سے ڈیٹونیٹرز اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائس بھی برآمد کی گئی ہے، دہشت گرد کا تعلق مانسہرہ سے ہے، جس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، دہشت گرد کی گرفتاری اور تفتیش کے بعد مزید دہشت گردوں کی گرفتاری کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے اس بات کا دعویٰ کیا گیا تھا کہ ملک بھر میں کہیں بھی داعش یا اس تنظیم کا وجود نہیں ہے، جب کہ حالیہ کوئٹہ حملوں کی ذمہ داری بھی کالعدم داعش کی جانب سے قبول کی گئی ہے۔