سندھ بھرمیں شادی ہالز 10 اور دکانیں 7 بجے بند کرنے کا فیصلہ

کراچی:(ہاٹ لائن) سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں یکم نومبر سے شادی ہالز رات 10اور بازار شام 7 بجے بند کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں شادی ہالزکی انتظامیہ کو تقریبات رات 10 بجے تک ختم کرانے کا پابند کیا جائے گا اس کے علاوہ بازاروں کو شام 7 بجے بند کرانے کے فیصلے پرسختی سے عمل درآمد کرایا جائے گااور وقت پر بندش سے بجلی کی خاطرخواہ بچت ہوگی۔
اجلاس میں اس بات کا فیصلہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شادی کے کھانے میں ون ڈش کا قانون سختی سے لاگو ہوگا اور کسی بھی تقریب میں صرف سالن روٹی، چاول اورمیٹھے کی اجازت ہوگی۔ اس سلسلے میں سول انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی احکامات جاری کر دیئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیصلوں پرعمل کے لیےکاروباری تنظیموں سے رابطے کریں اور انہیں روزانہ کی بنیاد پررپورٹ فراہم کریں۔اجلاس میں کئے گئے تمام فیصلوں پریکم نومبر سے سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا .