نیب کو وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کے خلاف انکوائری کا حکم

لاہور(ہاٹ لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کے خلاف انکوائری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔یہ حکم جسٹس وقاص رؤف مرزا کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے رفیق علوی کی درخواست پر جاری کیا، درخواست گزار کی طرف سے رائے نزاکت عباس ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا پنجاب یونیورسٹی میں ساڑھے 300 سے زائد اساتذہ اور انتظامی افسروں کو غیرقانونی طور پر بھرتی کیا گیا، ان افسروں کی بھرتیوں کے لئے وائس چانسلر مجاہد کامران نے کسی سنڈیکیٹ اور سینٹ سے کوئی منظوری نہیں لی، عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے ڈی جی نیب پنجاب کو حکم دیا کہ پنجاب یونیورسٹی میں غیرقانونی بھرتیوں اور کرپشن سے متعلق مجاہد کامران کے خلاف ایک ماہ میں انکوائری مکمل کی جائے۔