آنسو گیس کی شیلنگ ، نومولود بچی جاں بحق ، سپرد خاک کر دیا گیا

راولپنڈی(ہاٹ لائن) لیاقت باغ کی گورڈن کالج کالونی کی رہائشی چار دن کی نومولود بچی بے نظیر اسپتال میں دم توڑ گئی۔ والدین کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے مری روڈ پر عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنوں پر شدید شیلنگ کی گئی، آنسو گیس کا دھواں قریبی گھروں میں داخل ہو گیا جسے معصوم بچی برداشت نہ کر سکی اور دم گھٹنے کے باعث حالت اس کی حالت بگڑ گئی۔ والدین کا کہنا ہے کہ بچی کو بے نظیر بھٹو اسپتال لے جایا گیا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ بچی کو رات گئے نماز جنازہ کے بعد شاہ کی ٹالیاں قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب، بے نظیر بھٹو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آصف قادر نے گفتگو کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ کی وجہ سے بچی کی ہلاکت کی تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچی کو شام چھ بجے مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔ والدین کے مطابق، بچی کو صبح سے ہی سانس کی تکلیف تھی۔ ایم ایس کے مطابق، پوسٹ مارٹم کے بغیر موت کی وجہ نہیں بتائی جا سکتی۔ دوسری جانب، عمران خان نے پنجاب حکومت کو بچی کی موت کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔