ماورہ حسین بالی وڈ کیلئے بھوکی ہیں: علی خان

اداکار علی خان کا کہنا ہےکہ ماورہ حسین بالی وڈ کی بھوکی ہیں اور انہوں نے ہی ماورہ کو بھارتی فلم میں کام دلوایا تھا۔

علی خان کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو انسٹاگرام پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ میزبان نادیہ خان کے پروگرام میں شریک ہیں۔

ماورہ کی تصویر اسکرین پر دکھاتے ہوئے میزبان نے علی خان سے اظہارِ خیال کرنے کو کہا۔

علی خان نے کہا کہ یہ حسین، چلبلی اور بھوکی ہیں، جواب پر نادیہ نے حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کیا یہ دن میں 4 یا 8 بار کھانا کھاتی ہیں؟

علی خان نے جواب دیا کہ کھانا کھاتی ہوں گی، ان کی صحت کو دیکھ کر نہیں لگتا لیکن یہ بالی وڈ کیلئے کافی بھوکی ہیں۔ ہمارا ایک پراجیکٹ ابھی ختم ہوا ہی تھا کہ میرے پاس اتفاق سے بھارت سے ایک پروڈیوسر کی کال آگئی، پروڈیوسر نے مجھ سے کہا کہ کوئی ایسی لڑکی بتاؤ جو نئی ہو، جس پر میں نے ماورہ کا نام بتادیا اور اب وہ بالی وڈ میں ایک بڑی فلم میں کام کررہی ہیں‘۔

میزبان نادیہ خان نے علی خان سے سوال کیاکہ ماورہ کو آپ نے بالی وڈ میں کام دِلوایا؟ جس پر علی خان نے ہاں میں سر ہلاتے ہوئے کہا کہ ‘کام تو اللہ دیتا ہے، جی’۔

خیال رہے کہ ماورہ حسین نے 2016 میں بالی وڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔