نجی اسکولز جو نصاب پڑھا رہے ہیں ان کی این او سی لیں. وزیر تعلیم مراد راس

اسلام آباد:(ہاٹ لائن نیوز) پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ نجی اسکولز کو اپنا نصاب پڑھانے سے نہیں روکا ہے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے نجی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نجی اسکولز میں جو نصاب پڑھایا جا رہا ہے اس کی این او سی کی بات کی ہے کیونکہ نجی اسکولز میں سرکاری نصاب نہیں پڑھایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے والدین کو مطمئن کرنا اہم ہے جبکہ نجی اسکولز کو ان کے اپنے نصاب پڑھانے سے نہیں روکا اور صرف ہم نے یہ کہا ہے کہ نجی اسکولز جو نصاب پڑھا رہے ہیں ان کی این او سی لیں۔
مراد راس نے کہا کہ نصابی کتابوں پر تصاویر کو متنازع نہ بنایا جائے۔ ہمارے ملک میں 10 قسم کے نصاب پڑھائے جا رہے تھے جبکہ دنیا کے اکثر ممالک میں ایک ہی نصاب پڑھایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جنرل نالج کو اردو میں رکھا ہے اور ہم تعلیمی اداروں میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے وقت لگے گا لیکن نتائج اچھے ہوں گے۔