ٹیلی گرام پر ایک روز میں 7 کروڑ صارفین کا اضافہ ہوگیا۔

(ہاٹ لائن نیوز )فیس بک کی چند گھنٹے کی خرابی کے باعث میسیجنگ ایپ ’’ٹیلی گرام‘‘ پر ایک روز میں 7 کروڑ صارفین کا اضافہ ہوگیا۔
اتنے سارے صارفین کا ایک ساتھ ٹیلی گرام پر رخ کرنے پر بانی پاول دروف نے فخر محسوس کیا، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دیگر پلیٹ فارمز سے آنے والے 7 کروڑ صارفین کو خوش آمدید کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم ہمیشہ سے مشکل صورتحال کو بہترین طریقے سے سنبھالنے میں مہارت رکھتی ہے۔ ٹیلی گرام حال ہی میں 1 ارب ڈاؤن لوڈز میں سرفہرست رہی ہے، جبکہ اس ایپ کے سال کے شروع تک 500 ملین ماہانہ فعال صارفین تھے۔
سگنل ایپ جو ٹیلی گرام اور واٹس ایپ دونوں کے ساتھ مقابلہ میں ہے، نے بھی نئے صارفین کو ویلکم کہا ہے، ان کے آفیشل ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ “لاکھوں نئے صارفین” ایپ میں شامل ہوئے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹیلی گرام اور سگنل نے اپنی حریف ایپس کے مسائل سے فائدہ اٹھایا ہے۔ دونوں نے اس سال کے شروع میں لاکھوں صارفین کو ویلکم کیا تھا جب واٹس ایپ کی نئی پرائیوسی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا.