پی ٹی آئی لائرزونگ کے رہنما نے دوران احتجاج ٹائر ہٹانے پر سکول جاتے بچوں پر غصہ نکال دیا

لاہور (ہاٹ لائن ) جی پی او چوک میں حکومت کے خلاف احتجاج کے دوران پی ٹی آئی لائرز ونگ کے رہنما شاہد نسیم گوندل نے راہگیروں کو تھپڑ جڑدیئے ۔پی ٹی آئی کے وکیل نے موٹرسائیکل پر سکو ل سے بچوں کو لانے والے شہری کو بھی نہیں چھوڑا۔تحریک انصاف لائرز ونگ کے زیراہتمام درجن بھروکلاء نے حکومت کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے باہر مال رود پر جی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر پنجاب اسمبلی سے جی پی او چوک کی طرف آنے والی سڑک بلاک کردی، اس دوران کچھ گاڑیوں اور موٹر سائیکل سوار راہگیروں نے جلتے ہوئے ٹائر ہٹا کر گزرنے کے کوشش کی تو پی ٹی ائی لائرز ونگ کے ممبر اور منڈی بہاؤالدین سے صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر شاہد نسیم غصے میں آگئے ،انہوں نے ٹائر ہٹا کر گزرنے والے پک اپ ڈرائیور کو زور دار تھپڑ رسید کر دیا اور خود حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچا، غصے میں شاہد نسیم ایڈووکیٹ نے بچوں کو سکول سے واپس لے جانے والے موٹر سائیکل سوار شہری کو بھی زور دار تھپڑ جڑ دیا جس سے موٹر سائیکل سوار معصوم بچے اورشہری حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچے، سول سوسائٹی کی طرف سے تحریک انصاف لائرز ونگ کے رہنما شاہد نسیم ایڈووکیٹ کی طرف سے راہگیروں کو تھپڑ مارنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شاہد نسیم ایڈووکیٹ کے خلاف کارروائی کی جائے۔آدھے گھنٹے تک حکومت کے خلاف نعرے بازی کرنے کے بعد یہ وکلاء منتشر ہوگئے ۔