پی ٹی آئی اور ن لیگ عدالتوں احکامات پر عمل کریں، یوسف رضا گیلانی

ملتان (ہاٹ لائن) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جو ہو رہا ہے، عدلیہ کے فیصلے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، دونوں فریقین عدلیہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کریں، احتجاج عمران خان کا آئینی حق ہے لیکن ہم سیاست میں تشدد کے خلاف ہیں۔ یہ بات انہوں نے ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں بھی نواز شریف نے جلسے، جلوس اور لانگ مارچ کئے ہم نے طاہر القادری کو بھی اسلام آباد میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اور ایسے حالات میں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا بہتر ہے۔ پرویز رشید کا استعفیٰ لے کر انکوائری کمیٹی بنا دی گئی ہے جس میں تمام سیکورٹی ادارے شامل ہیں خبر کے پیچھے کون تھا جلد سامنے آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چودھری نثار سے استعفیٰ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے پر مانگا ہے، ہم پر ہمیشہ تنقید کی جاتی رہی آج ثابت ہو گیا ہم ملٹری آپریشن کی جو بات کر رہے تھے وہ درست تھی۔ یوسف گیلانی نے کہا کہ حکومت میں باری کی جو بات کرتے ہیں انہیں بتادوں باری عوام دیتی ہے لیکن کرپٹ سیاست دانوں کا احتساب ہونا چاہئے۔