جنوبی پنجاب کی ترقی پر ریکارڈ فنڈ خرچ کئے جا رہے ہی : وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کے مابین یہاں ملاقات ہوئی جس میں صوبے میں عوام کے فلاح و بہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں اور پسماندہ و دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت اور منصوبوں کا اعلیٰ معیار پنجاب حکومت کا طرئہ امتیاز ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے ایک شاندار مثال قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے اور اسی مقصد کیلئے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور ملک بھر میں توانائی سمیت دیگرعوامی فلاح کے منصوبوں کو برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 18 ماہ میں پاکستان کی قسمت بدلنے جا رہی ہے، توانائی کا سنگین بحران حل ہوگا، ملک سے اندھیرے ختم ہوں گے اور ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے اور ہم ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچیں۔