نوازشریف صدربھی بن گئے

اسلام آباد ( ہاٹ لائن ) ںواز شریف پاکستان کے وزیراعظم تو ہیں ہی، انٹرا پارٹی الیکشن میں ن لیگ کے صدر بھی منتخب ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن میں میاں نوازشریف کو بلامقابلہ آئندہ چارسال کے لیے پارٹی صدرمنتخب کرلیاگیا. راجہ ظفرالحق بلا مقابلہ چیئرمین اور مشاہد اللہ خان سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوئے۔
مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن میں صدارت کے عہدے کیلئے نواز شریف کے مدمقابل امیدوارپرنس عبدالقادر بلوچ تھے تاہم ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے جس سے نواز شریف بلامقابلہ پارٹی صدر منتخب ہوگئے۔
پارٹی الیکشن کمشنرچوہدری جعفر اقبال کے مطابق پرنس عبدالقادر بلوچ کے کاغذات پارٹی کی بنیادی رکنیت نہ ہونے کے باعث مسترد کیے گئے۔ کاغذات نامزدگی پارٹی آئین کی شق 120 سی کے تحت مسترد کیے گئے۔
انٹراپارٹی الیکشن میں راجہ ظفرالحق پارٹی چیئرمین اور پرویز رشید سیکریٹری خزانہ منتخب ہوئے جبکہ مشاہد اللہ خان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری اطلاعات ہوں گے
پارٹی کے نائب صدور میں سرتاج عزیز، سکندرحیات خان، چنگیزمری، امداد حسین چانڈیو ، یعقوب ناصر اور سرانجام خان شامل ہیں۔