کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے تیار ہیں:جنرل راحیل شریف

راولپنڈی(ہاٹ لائن)پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے واضح کیا ہے کہ ہمارے دشمن جان لیں کہ ہم ملک بھر میں دہشتگردی کے پر عزم مقابلے بالخصوص مغربی سرحدوں پر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے تیار ہیں۔ کسی بھی طرح کی مہم جوئی کا مقابلہ کر نے کےلئے خود کو پوری طرح تیار رکھا ہواہے .
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کھاریاں کے قریب فیلڈ میں رات بسر کی اور سینٹرل کمانڈ کی جانب سے آرمی فیلڈ ایکسر سائزمیں شامل رات اور صبح سویرے ہونے والے آپریشنز کا معائنہ کیا ۔مشقوں میں ڈیجیٹلائزڈ ورچل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے پہلی بار استعمال کے علاوہ بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کیلئے ملک کے اندر تیار کردہ سسٹم کو بروئے کار لایا گیا ۔
افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ آرمی فیلڈ ایکسر سائز نے پوری طرح اپنی مقاصد حاصل کر لئے ہیں انہوںنے کہاکہ مشقوں کے کامیاب انعقاد سے ہماری حربی تیاریوں پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے دشمن جان لیں کہ ہم ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف پر عزم مقابلے بالخصوص مغربی سرحدوں پر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے تیار ہیں.