گورنر سندھ کی وزیر اعلیٰ سندھ سے الوداعی ملاقات ، نیک تمناﺅں کا اظہار

کراچی (ہاٹ لائن) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنرہاوس میں الوداعی ملاقات کی ۔ملاقات میں گورنر سندھ نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے لئے نیک تمنا ﺅں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی لیڈر شپ میں صوبہ ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا اور ایک بھرپور وژن کے ساتھ عوام کی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے صوبہ مزید ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بھرپور تعاون کرنے پر میں وزیر اعلی سندھ کا شکر گذارہوں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انھیں گورنر سندھ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ،وقت تھوڑا تھا لیکن گورنر سندھ نے بھرپور رہنمائی کی، گورنر سندھ نے صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ملاقات میں گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے عزم ظاہر کیا کہ امن و امان کو پائیدار بنانے کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔