غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی واپسی کی تیاری

اسلام آباد (ہاٹ لائن) ملک بھر میں غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت 15 نومبر کو ختم ہوگئی، تاہم معاملے پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔ وزارت سیفران کے ڈپٹی سیکریٹری عرفان خان نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت 15 نومبر کو ختم ہو گئی ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اس معاملہ پر فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتیں افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے پر متفق تھیں اور سب کا موقف یہ تھا کہ افغان مہاجرین کو رضاکارانہ طور پر وطن واپس بھیجا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی سیکریٹری نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کے لئے وزارت سیفران اور نادرا کے درمیان معاہدہ بھی ہوا ہے مگر نادرا کو وزارت داخلہ نے سیکیورٹی وجوہات کی بناءپر غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کی اجازت نہیں دی، اس حوالے سے وزارت خزانہ نے 17 کروڑ روپے وزارت سیفران کو دیئے تھے۔