وسیم اختر نے ذوالفقار بھٹو کے دور کے بلدیاتی اختیارات کی فرمائش کر دی

میئر کراچی نے رہائی کے لیے آواز اٹھانے پر بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ذوالفقار بھٹو کے دور کے بلدیاتی اختیارات کی فرمائش کر دی
کراچی (ہاٹ لائن ) مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ ایکشن پلان ہوچکے اب کراچی ڈویلمپنٹ پلان پرتوجہ دینا ہوگی کیونکہ کراچی میں ترقی ہوئی تو آپریشن اورنیشنل ایکشن پلان کی ضرورت نہیں رہے گی۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے سندھ اسمبلی کا دورہ کرنا چاہتے تھے، وہ ارکان کی جانب سے استقبال پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے رہائی کے لیے آواز اٹھانے پر بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ذوالفقار بھٹو کے دور کے بلدیاتی اختیارات کی فرمائش کر دی ۔
اس سے پہلے وسیم اختر سندھ اسمبلی پہنچے تو انہیں سندھ ٹوپی اور اجرک پہنائی گئی ۔ اجلاس کے دوران اسپیکر سراج درانی ، ہیر سوہو اور نصرت سحر عباسی میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ۔
اس دوران خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے رشتہ بنا لیا ہے اب آگے بڑھیں گے ۔ خواجہ اظہارالحسن نے بلاول بھٹو کو ملاقات کرنے کا پرانا وعدہ بھی یاد دلایا۔ (ن ی)