کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ، گورنر پنجاب

لاہور(ہاٹ لائن ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاﺅس لاہور میں صدرآزاد کشمیر مسعود خاں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور بالخصوص کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ¿ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزرارء رانا ثناءاللہ، راجہ اشفاق سرور اور چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیری عوام کے لئے اپنی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت کو جاری رکھے گی اور کسی صورت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیریوں کے حق خودارادیت پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضے کے ساتھ اہل کشمیر کی جدوجہد آزادی کو کچلنے کے لئے جس طرح انسانی حقوق کو پامال کیا ہے وہ کسی مہذب ریاست کے لئے باعث عزت نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے گئے مظالم کا نوٹس لے۔گورنر نے کہا کہ ترک صدر طیب رجب اردگان کی کشمیر پر پاکستان کے اصولی مو¿قف کی حمایت سے کشمیریوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔