اعتزاز احسن نے پاناما کیس میں تحریک انصاف کی وکالت کرنے سے انکار کر دیا

اسلام آباد (ہاٹ لائن) معروف قانون دان اعتزاز احسن نے پاناما لیکس کیس میں تحریک انصاف کی وکالت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق اعتزاز احسن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پاناما لیکس کیس میں تحریک انصاف کی جانب سے وکالت کی پیشکش قبول نہیں کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن پاناما کیس کو سپریم کورٹ لے جانے کے حق میں نہیں تھے تاہم اب وہ اس کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل نہیں بنیں گے اور خود کو صرف قانونی مشورے دینے تک محدود رکھیں گے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اعتزاز احسن نے پی ٹی آئی کو اس حوالے سے تاحال کوئی گرین سگنل نہیں دیا اور جب تحریک انصاف کی جانب سے انہیں وکالت کرنے کی پیشکش کی گئی تھی تو انہوں نے پارٹی قیادت سے مشورہ کر کے جواب دینے کا کہا تھا۔اعتزاز احسن کا خیال تھا کہ پاناما لیکس اخلاقی نوعیت کا معاملہ ہے تاہم اسے سیاست کی حد تک رکھا جائے کیونکہ اس سے زیادہ فوائد حاصل ہونگے مگر اس کے باوجود تحریک انصاف ، عوامی مسلم لیگ ، جماعت اسلامی سمیت دیگر حلقوں نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کر دیں اور اب سپریم کورٹ اس کیس کو سن رہی ہے۔