syria

شام میں محصور افراد کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے: اقوامِ متحدہ

شام (ہاٹ لائن) اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ رواں برس شام میں محصور افراد کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ہنگامی امداد کے رابطہ کار سٹیفن او برائن کا کہنا ہے کہ چھ ماہ میں خانہ جنگی کا شکار شام میں محصور افراد کی تعداد چار لاکھ 86 ہزار 700 سے بڑھ کر نو لاکھ 74ہزار 80 ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ شامی شہریوں کو محصور اور بھوکا رکھا جا رہا ہے انھیں طبی امداد اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر مدد سے محروم رکھا جا رہا ہے تاکہ انھیں ہتھیار ڈالنے یا پھر فرار کی راہ اختیار پر مجبور کیا جائے۔ مسٹر او برائن کا کہنا ہے کہ یہ’جان بوجھ کر کیے جانے والی ظالمانہ’ اقدامات ہیں اور زیادہ تر صدر بشارالاسد کی فوج کی جانب سے کیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ ‘جنھوں نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے وہ جانتے ہیں یہ کونسل بظاہر اہلیت نہیں رکھتی یا پھر اپنی مرضی کو لاگو نہیں کرنا چاہتی یا پھر اب ان اقدامات پر راضی ہو گئی ہے جو انھیں روک سکتے ہیں۔