سعودی حکومت کا پاکستانی بزنس مینوں کو ملٹی پل ویزہ دینے کا اعلان

ریاض(ہاٹ لائن) غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے اپنے ملک میں کاروبار کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو دو سال کا ملٹی پل ویزہ دینے کا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ویزہ کے خواہش مند بزنس مینوں کی پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) سے تصدیق ہونا ضروری ہے۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر عبداللہ الزہرانی اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران عبدالرؤف عالم نے پاکستانی تاجروں کو سعودی عرب میں درپیش مشکلات سے سفیر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان سے اپنے تعلقات کو انتہائی قدر اور احترام کی نظر سے دیکھتا ہے۔ ہم پاکستان سے تجارت، کلچر اور کامرس سمیت متعدد شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سعودی سفیر عبداللہ نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے زراعت، شہد کی پیداوار، پیٹرو کیمیکلز، توانائی، پانی، تعلیم، ہیلتھ سائنس، ٹرانسپورٹ، ریل اور لائف سائنس سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستانی سرمایہ کار سعودی عرب کی جانب سے انھیں دی گئی مراعات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔