ڈی ٹی ایچ لائسنس کی 15 سال کیلئے نیلامی کر دی گئی

اسلام آباد(ہاٹ لائن) پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ) سروس کے لیے تین لائسنس کی 15 سال کے لیے نیلامی کر دی گئی۔ایک لائسنس کی فیس 4 ارب 89 کروڑ 40 لاکھ روپے طے پائی جبکہ کامیاب بولی لگانے والوں کو وزارت داخلہ سے کلیئرنس کے بعد لائسنس جاری ہوگا۔پیمرا حکام کو توقع تھی کہ فی لائسنس بولی 1.5 ارب روپے تک پہنچے گی تاہم کمپنیوں کے درمیان زبردست مسابقت کی وجہ سے ایک لائسنس کی فیس 4 ارب 89 کروڑ سے زیادہ رہی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو نیلامی کا انعقاد کرنے کی اجازت دے دی تھی تاہم لائسنس جاری کرنے سے روک دیا تھا۔عدالت عظمیٰ نے حکم دیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک کامیاب بولی لگانے والوں کو لائسنس جاری نہ کیا جائے۔نیلامی کا آغاز دوپہر ایک بجے ہوا اور 20 کروڑ روپے سے بولی کا آغاز کیا گیا، 11 کمپنیوں کی جانب سے بولیاں لگانے کا عمل تقریباً 15 گھنٹے تک جاری رہا۔ کامیاب بولی دینے والی کمپنیوں میں میگ انٹرٹینمنٹ پرائیوٹ لمیٹڈ لاہور (4 ارب 89 کروڑ 80 لاکھ روپے)، اسٹار ٹائمز کمیونیکیشنز پاکستان پرائیوٹ لمیٹڈ اسلام آباد (4 ارب 89 کروڑ 80 لاکھ روپے) اور شہزاد اسکائی پرائیوٹ لمیٹڈ اسلام آباد (4 ارب 89 کروڑ 80 لاکھ روپے) شامل ہیں۔