آرمی چیف کو الوداعی عشائیہ ،شرکت کیلئے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے

اسلام آباد (ہاٹ لائن) آرمی چیف جنرل راحیل شریف الوداعی عشائیے میں شرکت کیلئے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے، میاں نواز شریف نے سربراہ پاک فوج کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو الوداعی عشائیہ دیا گیا، تقریب میں شرکت کیلئے سپہ سالار وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے، میاں نواز شریف نے ان کا استقبال کیا، دونوں نے مصافحہ کیا، اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی موجود تھیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم ہاؤس کے اسٹاف سے بھی فرداً فرداً مصافحہ کیا، وہ انتہائی خوشگوار موڈ میں نظر آئے، الوداعی عشائیے کی باقاعدہ تقریب کا آغاز کچھ دیر بعد ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سربراہ پاک فوج سے نئے آرمی چیف کیلئے نام پر مشاورت کررہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں سنیارٹی لسٹ میں شامل چاروں لیفٹیننٹ جنرلز کو بھی مدعو کیا گیا ہے جن میں لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد، لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے اور لیفٹیننٹ قمر جاوید باجوہ شامل ہیں۔ آرمی چیف کے الوداعی عشائیے میں پاکستان پیپلزپارٹی، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور پاکستان تحریک انصاف کو مدعو نہیں کیا گیا۔