دل کے امراض سے بچنے کا آسان نسخہ

بوسٹن (ہاٹ لائن)اگر آپ دل کی بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنی غذا میں محض ایک فیصد سیچورٹیڈ فیٹس کی کمی لے آئیں۔ یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔ ہاورڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق گوشت، چاکلیٹ، سخت پنیر، دودھ اور مکھن وغیرہ سچورٹیڈ فیٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو دل کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ان فیٹس کا زیادہ استعمال امراض قلب کا خطرہ 25 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔ تاہم اپنی غذا میں ان فیٹس کی مقدار میں محض ایک فیصد کمی بھی امراض قلب کا خطرہ نمایاں حد تک کم کردیتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ سچورٹیڈ فیٹس کو پولی انسچورٹیڈ فیٹس، مونو ان سچورٹیڈ فیٹس یا نباتاتی پروٹینز سے بدلنا دل کی صحت کے لیے بہتر ہوتا ہے۔اس تحقیق کے دوران 73 ہزار سے زائد افراد کا 1984 سے 2012 تک جائزہ لیا گیا۔آغاز میں یہ سب کسی طویل المعیاد بیماری سے محفوظ تھے اور پھر کئی برس تک ان کی غذائی عادات کا جائزہ لینے کے بعد طبی معائنہ کیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ سچورٹیڈ فیٹس کا زیادہ استعمال کرتے تھے ان میں امراض قلب کا خطرہ بہت زیادہ بڑح گیا ہے۔ یہ تحقیق طبی جریدے دی بی ایم جے میں شائع ہوئی۔