سٹاک مارکیٹ نے مارچ سے ستمبر تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا :سٹیٹ بینک

کراچی (ہاٹ لائن) حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کی بدولت پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے کلینڈر سال 2016میں مارچ سے ستمبر کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس عرصے میں100انڈیکس میں 7ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔بینک دولت پاکستان کے مطابق مارچ2016ء میں کے ایس ای100انڈیکس 33139پوائنٹس تھا جو ستمبر2016ء میں22.33فیصد کے اضافے سے بڑھ کر40541.8پوائنٹس ہو گیا تھا ۔مرکزی بینک کے مطابق مالی سال2015-16کی آخری 4ماہ یعنی مارچ تا جون میں کے ایس ای100انڈیکس میں 4644.5پوائنٹس کا بڑھاوا دیکھنے میں آیا جبکہ نئے مالی سال کے پہلے تین ماہ میں یعنی جون تا ستمبر2016میں انڈیکس مزید2758.3پوائنٹس بڑھ گیا ۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق معاشی اشاریوں میں بہتری ،زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے ،پاک چین اقتصادی راہداری میں پیش رفت اور آنیوالے وقت میں توانائی بحران کے خاتمے کے امکانات اور عالمی ریٹنگ کے اداروں کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ کو بلند کردینا وہ عوامل ہیں جس سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں نہ صرف تیزی آئی ہے بلکہ اسٹاک مارکیٹ سرمائے کے مجموعی حجم میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق گذشتہ مالی سال کے آخری ماہ کے مقابلے میں نئے مالی سال کے پہلے ماہ میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے1745.3پوائنٹس کا اضافہ کیا جسے نمایاں اضافے کے طور پر نوٹ کیا گیا ۔