شعبہ توانائی کا گردشی قرضہ 328 ارب روپے سے تجاوز کر گیا

اسلام آباد (ہاٹ لائن) پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب احمد نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ (سرکولر ڈیبٹ) 328 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔سینیٹ کے اجلاس میں توجہ دلاو¿ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے شیخ آفتاب نے اعتراف کیا کہ یہ معاملہ بہت سنجیدہ ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے قرضے کو زیر کنٹرول لانے کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں لائن لاسز اور بجلی کی چوری حکومت کے لیے بڑے مسائل ہیں اور ملک کے کئی علاقے ایسے ہیں، جہاں بجلی کے بل ادا نہیں کیے جاتے۔شیخ آفتاب نے کہا کہ کئی ڈسٹربیوشن کمپنیوں نے اپنے لائن لاسز میں کمی کی ہے، جبکہ دیگر کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا کہا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تاریں تبدیل کرنے اور جدید مشینوں و آلات کے ذریعے گرڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔شیخ آفتاب نے کہا کہ ایک وقت تھا جب گردشی قرضہ 100 ارب روپے سالانہ کے حساب سے بڑھ رہا تھا، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔