ایل او سی پر بھارتی جارحیت ‘ بھارت سے زرعی اشیا کی درآمد ’بند‘

لاہور ( ہاٹ لائن) بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب مسافر بس اور ایمبولینس کو نشانہ بنائے جانے کے باعث پاک بھارت کشیدگی عروج پر پہنچنے کے بعد پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ (ڈی پی پی) نے بھارت سے واہگہ بارڈر کراسنگ اور کراچی پورٹ کے ذریعے کاٹن و دیگر زرعی اشیا کی درآمد روک دی۔ڈیپارٹمنٹ نے بھارت سے مستقبل میں درآمد کے لیے پرمٹ کا اجرا بھی روک دیا ہے۔بدھ کو بھارت کی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں 3 پاکستانی فوجی اور 10 شہری ہلاک ہوئے تھے۔کاٹن درآمد کرنے والوں اور کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس نے دعویٰ کیا کہ ایل او سی پر کشیدگی بڑھنے کے بعد پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے بغیر تنبیہ یا تحریری حکم نامہ جاری کیے بغیر بھارت سے زرعی اشیا کی درآمد روک دی۔تاہم وزارت قومی فوڈ سیکیورٹی و تحقیق کے ذیلی شعبے ڈی پی پی کے ڈائریکٹر جنرل صاحبزادہ عمران شامی نے اس تاثر کو زائل کرنے کی کوشش کی۔