پاکستان میں چینی کمپنیوں کا آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری کا فیصلہ

لاہور (ہاٹ لائن) پاکستانی کمپنیوں نے چینی کمپنیوں کے تعاون سے آٹو سیکٹر (شعبے) میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے جس سے اس شعبے میں موجود اجارہ داری ختم ہونے کی ا±مید کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی، معیار بہتر اور مسابقت کو فروغ ملے گا۔
نئی پانچ سالہ آٹو پالیسی برائے سال 2016-21 میں نئے سرمایہ کاروں کیلئے مراعات کے اعلان کے بعد ریگل آٹو موبائلز انڈس لمیٹڈ، یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز پرائیو ٹ لمیٹڈ اور حبیب رفیق پرائیوٹ لمیٹڈ نے چینی کمپنیوں کے تعاون سے پاکستان میں آٹو کے شعبے میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے تحت نئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی تیاری کیلئے پاکستان میں نئے پلانٹ لگائے جائیں گے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریگل آٹو موبائلز انڈس لمیٹڈ نے چینی کمپنی ڈی ایف ایس کے موٹرز اور یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے چینی کمپنی لوینگ کے تعاون سے آٹو شعبے میں سرمایہ کا فیصلہ کیا ہے۔اسی طرح حبیب رفیق پرائیوٹ لمیٹڈ نے ڑین ڈونگ وین ڈونگ اور زوٹے انٹر نیشنل کے تعاون سے گاڑیاں جبکہ چینی کمپنی گوانگ ڑو ڈے ین کے تعاون سے موٹر سائیکلز تیار کرنے کیلئے سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔
چینی کمپنیوں کے تعاون سے آٹو شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے مقامی کمپنیوں نے وزارت صنعت و پیداوار کے ماتحت ادارے انجینئرنگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں درخواستیں جمع کرادی گئی ہیں۔