ٹولٹن مارکیٹ صفائی کے ناقص انتظامات پرڈی جی فوڈ اتھارٹی کا اظہار برہمی

لاہور (ہاٹ لائن )ڈا ئریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے ٹولٹن مارکیٹ لاہور میں کریک ڈا¶ن کے بعد غیرمعیاری گوشت کی فروخت اور صفائی کے ناقص انتظامات کو مدنظررکھتے ہوئے ٹولٹن مارکیٹ کمیٹی،لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی، واسااورتحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے نمائندوں سے ٹا¶ن ہال میں ہنگامی ملاقات کی- انہوں نے ٹولٹن مارکیٹ کمیٹی کے نمائندوں کوہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکموںکے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مرغیوں کو ذبح کرنے ، الائشوں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے ، صفائی کی صورتحال کی بہتری اور مارکیٹ میں موجود ناجائز تجاوزات کو فوری طورپرختم کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں- انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مشن صحت مند پنجاب اور مقصدمعیاری وصحت مند غذا کی ہرسطح پر فراہمی ہے-غیرمعیاری و ناقص اشیاءفروخت کرنے والے قوم دشمن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اور کیفر کردار تک پہنچا کردم لیں گے-پنجاب فوڈ اتھارٹی صفائی کے مقرر کردہ معیار کا مقابلہ کروائے گی اورمعیار پر پورا اترنے والے دکانداروں کو 50ہزار روپے فی کس انعام دیا جائے گا-قبل ازیں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ڈائریکٹر مانیٹرنگ لبنی رشید کے ہمراہ ٹولٹن مارکیٹ کا دورہ کیا اور 2ہزار کلو گرام بیمار اور مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد کرکے موقع پرتلف کروایا-کارروائی کے دوران صفائی کے انتہائی نامناسب انتظامات پرشدید برہمی کا اظہار کیا-