فوج نے بھارت کا اینٹ کا جواب پتھر سے دیا ،حکومت بھی کردار ادا کرے ، عبدالعلیم خان

لاہور(ہاٹ لائن ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 7جوانوں کی شہادت پر غم و غصے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر افواج پاکستان نے بزدل بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دے کر واضح کر دیا ہے کہ ہم پاک سر زمین کی ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور جب بھی دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا اسے منہ کی کھانی پڑے گی ،بھارتی سرکار نے ایک سال میں 222مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی اور184مرتبہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کر کے ثابت کیا ہے کہ بھارت کھلم کھلا عالمی قوانین کا مذاق اڑاتا ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ مودی کی حکومت نے یکطرفہ اور بلا اشتعال جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور افسوس اور شرم کا مقام ہے کہ پاکستانی حکمرانوں نے 7جوانوں کی شہادت اور بھارتی رویے پر بے حسی کا مظاہرہ کرنے کی روائیت برقرار رکھی ہے ۔