انگریزوں کو گئے کئی دہائیاں گزر گئیں ،اب انگلش بابو کلچر برداشت نہیں ہو گا ، لاہور ہائیکورٹ

لاہور ( ہاٹ لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے احکامات نظر انداز کرنے پر سیکرٹری صحت پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور سی سی پی او لاہور کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ انگریزوں کو اس خطے سے گئے کئی دہائیاں گزر گئیں مگر انگلش بابو کا کلچر ختم نہیں ہو سکا جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ عدالتی احکامات کے باوجود گنگا رام اور سروسز ہسپتال میں 2003ءکے بعد مستقل ہونے والے جونیئر کلرکس اور اسسٹنٹس کو پنشن اور دیگر مراعات سے محروم رکھ کر امتیازی سلوک برتا جارہا ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہد نے عدالت میں تحریری جواب داخل کرنے کی استدعا کی ۔جس پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیکرٹری صحت ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔دوران سماعت فاضل عدالت نے سی سی پی او لاہور کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا کہ انگریزوں کو اس خطے سے گئے کئی دہائیاں گزر گئیں مگر انگلش بابو کا کلچر ختم نہیں ہو سکا جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔