سکولوں‘ کالجوں اور ہسپتالوں کی کنٹینز اور کیفے ٹیریاز پر چھاپے

لاہور(ہاٹ لائن ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ہوٹل اور ریسٹورنٹس کے علاوہ سکولوں‘ کالجوں اور ہسپتالوں کے کیفے ٹیریاز کی چیکنگ بھی شروع کر دی ہے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نوالامین مینگل کی ہدایت پر ڈائریکٹر آپریشنز رافعہ حیدر نے لاہور چلڈرن ہسپتال کے کیفے ٹیریا پر چھاپہ مارا اور ناقص خوراک کی فراہمی پر 5ہزار روپے جرمانہ اور بہتری لانے کی ہدایات دیںجبکہ جناح ہسپتال اور علامہ اقبال میڈیکل کالج کے کیفے ٹیریاز کو خراب انڈے اور زائدالمعیاد غذائی اجزا کے استعمال پر 15ہزار روپے جرمانہ کیا۔ علامہ اقبال ٹاﺅن کی ٹیم نے سبزہ زار میں چشتی بیکری کو ٹوٹے پھوٹے فریزر‘ ورکرز کی ناقص جسمانی صفائی اور کھانے پینے کی اشیاءپر مکڑی کے جالوں کی موجودگی پر سیل کر دیا۔ داتا گنج بخش ٹاﺅن کی ٹیم نے گورسی بیکری کو جعلی لیبل اور زائد المعیاد اشیاءکے استعمال پر سیل کر دیا۔نشتر ٹاﺅن کی ٹیم نے گرین ٹاﺅن میں ساحل فروزن فوڈز یونٹ کو انتہائی ناقص صفائی پر فوری سربمہر کر دیا۔ راوی ٹاﺅن کی ٹیم نے شاہدرہ میں شفیق بیکری کو فوڈ اتھارٹی لائسنس کی عدم موجودگی اور واش روم کے قریب پروڈکشن پر سربمہر کر دیا۔