کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کیخلاف جماعةالدعوة کا آج ملک گیر یوم احتجاج

لاہور( ہاٹ لائن )جماعةالدعوة پاکستان کی اپیل پربھارتی فوج کی طرف سے کنٹرول لائن پربھارتی جارحیت کیخلاف آج ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں لاہور، اسلام آباد، ملتان، کراچی، کوئٹہ اورپشاورسمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ لاہور میں بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک میں کیاجائے گا۔جماعةالدعوة کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعیدنے علماءکرام اور دینی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ خطبا ت جمعہ میں بھارتی جارحیت کو موضوع بنائیں اور قوم کو وطن عزیزپاکستان کیخلاف بھارتی سازشوں اوردہشت گردی سے آگاہ کیا جائے۔ کنٹرول لائن پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہریوں کی مختلف شہروں میں غائبانہ نماز جنازہ بھی اد ا کی جائے گی۔ جماعةالدعوة کی اپیل پر ملک بھر میں مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور مذمتی قراردادیں پاس کی جائیں گے۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر غیر اعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے۔ کشمیریوں کی مضبوط جدوجہد آزادی سے بوکھلا کر کبھی سرجیکل سٹرائیک کے ڈرامے کئے جاتے ہیں توکبھی شہری آبادیوں، بسوں اور ایمبولینسوں پر فائرنگ کر کے نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔