اداکارہ قسمت بیگ سپرد خاک ،تحقیقات میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی

لاہور(ہاٹ لائن )اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ، اداکارہ کے قتل کی تحقیقات میں تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کی علی الصبح نا معلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد دوران علاج جاں بحق ہونے والی اداکارہ قسمت بیگ کا میو ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا جس کے بعد لاش بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق قسمت بیگ کو پانچ گولیاں لگیں جبکہ ایک گولی شریان میں لگی جو موت کا باعث بنی۔بتایا گیا ہے کہ پولیس نے اداکارہ کے قتل کی مختلف پہلوﺅں پر تحقیقات شروع کر دی ہیں لیکن تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی ۔ مقتولہ کے زیر استعمال موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لئے متعلقہ کمپنی سے رابطہ کر لیا گیا ہے ۔ اسٹیج سے تعلق رکھنے والے فنکارمقتولہ قسمت بیگ کی رہائشگاہ پر موجود رہے ۔ قسمت بیگ کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ نماز جنازہ میں عزیز و اقارب ، فنکاروں سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔