مسئلہ کشمیر پاکستان کی بقاءکا مسئلہ ہے ،لارڈ نذیر احمد

لاہور (ہاٹ لائن) برطانوی ہاو¾س آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کی بات نہیں بلکہ یہ پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلباءکے زیر اہتمام ” بھارتی بربریت اور تحریک آزادی کشمیر“ کے موضوع پر فیصل آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز شاہد محمود گل، ڈپٹی ڈائریکٹر زبیر احمد، فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ پاکستانی قوم نے کشمیر کاز کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے تاہم پاکستان کے سیاستدانوں سے گلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت میں جاری سکھ تحریکوں کی بھی سپورٹ کرے اور سکھوں کو آزادی دلوانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ 80 فیصد سکھ بھارت سے آزادی کے لئے تیار ہیں ۔کشمیریوں، فلسطینیوں اور سکھوں کو ان کا حق ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خالصتان بن گیا تو کشمیر تو ویسے ہی آزاد ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو آپ کی سپورٹ کی ضرورت ہے پاکستانی سیاستدانوں کو کشمیریوں اور سکھوں کی سپورٹ سے متعلق ڈر کر بات نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے پانی بند کرنے کی جو دھمکی دی ہے اگر اس کا مناسب جواب نہ دیا گیا تو وہ پانی بند بھی کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوتوا کی بہت کم بات کرتے ہیں۔ بھارتی انتہا پسند تنظیمیں مسلمانوں اور سکھوں کو ہندوازم کی طرف لانا چاہتی ہے۔