جماعت اسلامی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے :میاں مقصود احمد

لاہور (ہاٹ لائن )سالانہ اجتماع ارکان جماعت اسلامی پنجاب کے پہلے روزافتتاحی خطاب امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کیا۔علاوہ ازیں ناظم اجتماع وامیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے شرکاء اجتماع کو ہدایات دیں۔اجتماع کے دوسرے سیشن سے نائب امراء جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس اور راشد نسیم نے بھی خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں غیر یقینی کی کیفیت ہے۔عوام پر مایوسی کے سائے منڈلارہے ہیں ان حالات میں جماعت اسلامی پنجاب کا سالانہ اجتماع ملکی سیاست کا رخ موڑنے میں اہم کردار اداکرے گا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی دیانتدار اور باکردار قیادت رکھتی ہے۔ملک کو کرپشن،مہنگائی، غربت اور بے روزگاری سے جماعت اسلامی ہی نجات دلا سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔کشمیریوں کی جدوجہد میں لاکھوں ماؤں اور بہنوں کی عصمتیں اور شہداء کاخون شامل ہے۔کشمیری دراصل پاکستان کے بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں۔تقسیم ہندکے موقع پر ہزاروں مسلمان بچیاں ہندوؤں اور سکھوں کے خوف سے اپنا نام بدل کر آج بھی اذیت ناک زندگی گزارنے پرمجبور ہیں مگر ان کے دلوں میں عشق مصطفی کی روشنی آج بھی موجود ہے۔کیالاکھوں مسلمانوں نے صرف اس لیے قربانیاں دی تھیں کہ چند مفاد پرست اور کرپٹ خاندان عوام کاخون نچوڑیں۔شہیدوں کے صدقے میں ملنے والے اس ملک کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ہماراسب سے بڑامسئلہ کرپشن اور ناانصافی کایہاں رائج کرپٹ نظام ہے۔ناظم اجتماع وامیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے شرکاء اجتماع گاہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ ہم سب اللہ کے مجاہد ہیں اور بلاشبہ انبیاء اکرام کے مشن کو آگے بڑھانے کی جدوجہد کررہے ہیں۔پیمااور الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے شرکاء کے لیے مقامی ہسپتال میں میڈیکل کیمپ لگایا ہے اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔تقسیم کار کے طور پر چار اہم کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ہمارے میڈیا سیل کے افراد بھی بھرپورانداز میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔اجتماع میں تمام سہولیات باہم پہنچائی گئی ہیں۔ہم اجتماع ارکان کو پُرامن بنائیں گے۔نظم وضبط کا تقاضاہے کہ شرکائے اجتماع انتظامی کمیٹیوں کے ساتھ تعاون کریں۔شرکاء وقت کی اہمیت کو پہچانیں اور ڈسپلن کے تقاضوں کو پوراکرتے ہوئے ان تین دنوں میں اجتماع کی خوبصورت یادیں اپنے ساتھ لے جائیں۔اجتماع کے آخری روز30اکتوبر اتوار کوکرپشن مکاؤپاکستان بچاؤمارچ ہوگا جس میں لاہور سے عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔سالانہ اجتماع ارکان کے دوسرے سیشن میں حلف رکنیت مرکزومحور کے موضوع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنوں کو مشکل حالات میں بھی ثابت قدمی کا ثبوت دینا چاہئے۔انشاء اللہ جماعت اسلامی موجودہ ملکی منظرنامے میں حسب سابق اپناقائدانہ کردار اداکرے گی اور پاکستان کے تحفظ کے لیے اپنا تن من دھن قربان کردے گی۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے ارکان کو اپنے نصب العین پر قائم رہناچاہئے۔انشاء اللہ سالانہ اجتماع ارکان پاکستان میں اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرے گا کیونکہ پاکستان کی بنیاد ہی اسلام کے نام پر رکھی گئی تھی۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشدنسیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن اور لوٹ مار کے نظام نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ہمارانصب العین خد مت خلق ہے۔گورنرسندھ عشرت االعباد نے خود تسلیم کیا ہے کہ کراچی میں جماعت اسلامی کے سابق میئر نعمت اللہ خان نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے اور ان کادور لوٹ مار اور کرپشن کے نظام سے پاک تھا۔انہوں نے کہاکہ دنیا کو گلوبل ویلیج نظام نے اپنے پنجوں میں جکڑ رکھا ہے۔ان حالات میں ہمارے حلف رکنیت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے مقام کا تعین کرکے بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکالیں۔نظم کو مضبوط کرکے ہم اسلامی انقلاب کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ہمارافرض ہے کہ ہم تعلق باللہ کو مضبوط کرکے اپنے مشن کو آگے بڑھائیں۔