نوازشریف کی بادشاہت کو برداشت نہیں کریں گے ,حکومت سے بدلہ لونگا,علی امین گنڈا پور

اسلام آباد (ہاٹ لائن) تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ نوازشریف کی بادشاہت کو برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی ظلم کرنے سے چپ بیٹھیں گے بلکہ اپنا حق لے کر رہیں گے۔ ”شام کو حکومت سے بدلہ لونگا “۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ شراب نوشی کی عادت نہیں تاہم شہد ضرور پیتا ہوں ۔گاڑی سے شراب کی بوتل برآمد ہونے کا الزام جھوٹا لگایا جا رہا ہے ۔”میری گاڑی سے شراب کی بوتلیں برآمد نہیں ہوئی “۔گرفتاری دےکرحکومت کوکامیاب نہیں ہونے دوں گا۔
صوبائی وزیر نے ڈی پی او کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ میرے خون کے نمونے بھی لیں اور اپنے بھی دیکھتے ہیں کس کے خون میں شراب کی موجودگی کا انکشاف ہوتا ہے ۔ ”ڈی پی او بھی نشے کا ٹیسٹ کرائیں میں بھی کراتاہوں“۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو وفاقی حکومت روک رہی ہے اور انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے جو جمہوریت نہیں تاہم گاڑی سے ملنے والے اسلحہ کو چیک کیا جائے پتہ چل جائے گا اسلحہ قانونی ہے یا غیرقانونی۔
یاد رہے گزشتہ روز پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ علی امین گنڈا پور کی گاڑی سے ناجائز اسلحہ اور شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی ہیں جس کے بعد آج اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو میں انکے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے جس میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور شراب کی برآمدگی سمیت دفعہ 144کی خلاف ورزی کی دفعات شامل کی گئی ہیں