سی پیک کو نہیں(ن) لیگ کی حکومت کو خطرہ ہے،پرویز الٰہی

لاہور(ہاٹ لائن) مسلم لیگ (ق )کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ خطرہ ن لیگ حکومت کو ہے سی پیک منصوبہ کو نہیں۔ یہ بات انہوں نے پنی رہائش گاہ پر تاجروں کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ چین اور ن لیگ کے درمیان نہیں بلکہ ریاست پاکستان اور چین کے درمیان ہے، پاکستانی قوم اور فوج اس کے محافظ ہیں اس لیے موجودہ حکومت کے جانے سے پاک چائنہ کوریڈور منصوبہ کو قطعاً کوئی نقصان نہیں ہو گا بلکہ یہ زیادہ بہتر اور صاف شفاف طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاک چائنہ کوریڈور منصوبہ کیلئے چین کی طرف سے مہیا کردہ سرمایہ کاری کا 75فیصد حصہ یعنی 46ارب ڈالر میں سے 35ارب ڈالر پاور پراجیکٹس کیلئے ہیں۔ابتک ایک پاور پراجیکٹ بھی کامیاب نہیں ہوا تو کیا ضمانت ہے کہ ان کے ہوتے ہوئے پاور پراجیکٹس کیلئے مختص سی پیک کے 35ارب ڈالر نہیں ڈوبیں گے اور ان کا استعمال شفاف طریقے سے ہو گا۔ نوازشریف نے 9ارب ڈالر سے گڈانی پاور پراجیکٹ کا اعلان کیا اور دعویٰ کیا کہ اس سے 6ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی مگر یہ بند پڑا ہے، 12ارب کا نندی پور پاور پراجیکٹ بند ہو گیا، 8ء1 ارب ڈالر کا ساہیوال کول پراجیکٹ بھی فیل ہو چکا ۔ قائداعظم سولر پراجیکٹ کا ڈرامہ بھی فلاپ ہو گیا اور اب بدنامی سے بچنے کیلئے اس کو ٹھیکے پر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ نیلم جہلم منصوبہ بھی مکمل نہیں ہو سکا۔