مسلم امہ کا بچہ بچہ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے جان قربان کرنے کو تیار ہے: حافظ سعید

لاہور(ہاٹ لائن) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ سے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی۔مسلم امہ کا بچہ بچہ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہے۔ ملک میں سیاسی انتشار سے دشمن قوتوں کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا۔ کشمیر کی تحریک آزادی نقطہ عروج پر ہے، اسے پس منظر میں دھکیلنے کی کوششیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ جماعۃ الدعوۃ تعلیمی و رفاہی شعبہ جات گلی، محلے کی سطح پر منظم کرے گی۔ ملک کے اندرونی مسائل کا حل بھی اسی میں پوشیدہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں گلشن اقبال، سائٹ ایریا اور مہران ٹاؤن میں اضلاع کی سطح پر کارکنان کی تربیتی نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈیا کی بوکھلاہٹ سے واضح ہوتا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد درست سمت میں چل رہی ہے۔ ہماری حکومتوں نے ہمیشہ بھارت و امریکہ کو مطمئن کرنے کی ناکام کوششیں کی ہیں۔ حکمران ملکی مفادات کو عزیز رکھیں، انڈیا و امریکا کو خوش کرنے کی کوششوں سے کچھ نہیں ملے گا۔انہوں نے کہاکہ اتحاد کے بجائے اختلاف و انتشار کو مسلمانوں کی شناخت بنادیا گیا ہے۔